گوکرن، 5؍جنوری (ایس او نیوز) ٹمکور سے سیر وتفریح کے لئے آئے ہوئے پانچ سیاح گوکرن سمندر میں تیرنے کے دوران تیز لہروں میں بہہ گئے جن میں سے چار کو بچالیا گیا جبکہ ایک نوجوان ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔
بتایاجاتا ہے کہ دس افراد پر مشتمل ٹیم مندر میں پوجا اور درشن کے بعدسمندر میں تیرنے کے لئے اتری تھی۔ مگر اچانک اٹھنے والی ایک تیز لہر ان میں سے پانچ افرادکو بہا لے گئی۔بقیہ ساتھی جب چیخ وپکار کرنے لگے تو قریب ہی بوٹنگ کے عملہ میں موجود شیکھر اور نتیانند ہریکانت ان کی مدد کو دوڑ پڑے اور کسی طرح چار افراد کی جان بچانے میں کامیاب ہوگئے ۔لیکن رنگناتھ رنگ سامیا(19سال) نامی نوجوان کی طبیعت بہت ہی زیادہ بگڑگئی تھی اس لئے اسے سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں پر اس نے دم توڑ دیا۔
گوکرن پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔